ْزرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیشقدمی جاری،ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284روپے سے تجاوز کر گئے

پیر 7 جولائی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)معیشت میں زرمبادلہ کی بڑھتی ہوئی طلب اور دسمبر تک ڈالر 300روپے سے متجاوز ہونے کی پیشگوئی کے باعث پیر کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284روپے سے تجاوز کر گئے۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے نظر ثانی شدہ ترغیبی ڈھانچے کے سبب نئے مالی سال میں ترسیلات کی متوقع ریکارڈ آمد کی پیشگوئیوں، پاکستان کے مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری معاہدوں کو مارکیٹ نے نظرانداز رکھا اور انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور رہا۔

قبل از بجٹ معطل شدہ درآمدی شپمنٹس بڑھنے سے ڈالر سپلائی کی نسبت ڈیمانڈ زائد رہی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 25پیسے کے اضافے سے 284روپے 21پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 24پیسے کے اضافے سے 286روپے 64پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔