پیپلزپارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کی فعالیت کیلئے بھرپور کردارادا کروں گا، ظہوربلیدی

پیر 7 جولائی 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات وصوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کی فعالیت کیلئے بھرپور کردارادا کروں گا، پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹوکی میراث ہے ،چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مشکور ہوں کہ انہوں نے پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داری سونپی ہے ،بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت میں پارٹی کے صوبائی تنظیمی ڈھانچے کی فعالیت اور مضبوطی کیلئے مل کر کام کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان پیپلزپارٹی کا 1970ء کی دہائی میں گڑھ رہاہے جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی میراث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، یہی جماعت بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے بھرپور کرداراداکریگی۔