بیرون ملک جاتے ہوئے 5 ہزار سے زائد ڈالر لیکر جانے والوں کیخلاف سخت ایکشن کا حکم

ایسے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے، جعلی ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث لوگوں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے؛ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 جولائی 2025 12:20

بیرون ملک جاتے ہوئے 5 ہزار سے زائد ڈالر لیکر جانے والوں کیخلاف سخت ایکشن ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی 2025ء ) بیرون ملک جاتے ہوئے 5 ہزار سے زائد ڈالر ہمراہ لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حوالہ ہنڈی و بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی، ایف آئی اے کراچی زون کی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ مجاہد اکبر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایف آئی اے ساؤتھ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر ایف آئی اے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے، کسی کا دباؤ قبول کیے بغیر مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، بھکاری مافیا پاکستان کے امیج کو خراب کر رہا ہے، ایجنٹس کے خلاف بلاامتیاز ایکشن نظر آنا چاہئے، مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے اور ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے نان کسٹم مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 5 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، ایسے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے، اسی طرح جعلی ادویات کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں، جعلی ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے۔