حریت رہنمائوں کی طرف سے برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت

بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کوضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میںشہید کیا تھا

منگل 8 جولائی 2025 16:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اورانکے ساتھیوں کو انکے 9ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو 2016 میںآج کے روز ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میںشہید کیا تھا۔

برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد پورے مقبوضہ علاقے میں ایک زبردست عوامی احتجاجی تحریک شروع ہوگئی تھی جس کے دوران قابض فوجیوں نے گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا اندھا دھند استعمال کرکے 150سے زائد پرامن مظاہرین کو شہید کردیاتھا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤںبشمول حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس ، محمد حسیب وانی ، مولانا مصعب ندوی ،فیاض حسین جعفری ، سید سبط شبیر قمی اورایڈووکیٹ امیتاز احمد نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میںتحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے پر برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے دلوں میں شہید برہان وانی کاخصوصی مقام ہے ۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ برہان وانی اور دیگر کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیرکا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور یہ کشمیری عوام کا فرض ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں اوربھارتی قبضے سے آزادی کے شہداء کے مقدس مشن کے حصول تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے جذبات کو کچلنے کے بھارت کی مذموم عزائم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے کشمیریوں کاجذبہ حریت مزید مضبوط ہوتا ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ایک دن ضرورآزادی کا سورج طلوع ہو گا اور کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی لازوال قربانی کشمیری نوجوانوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی ۔