سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ آذربائیجان کی ملی مجلس کا دورہ

منگل 8 جولائی 2025 16:24

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ آذربائیجان ..
باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ آذربائیجان کی ملی مجلس کا دورہ کیا ۔ ملی مجلس آمد پر سپیکر ملی مجلس صاحبہ غفارووا نے سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان کے پارلیمانی وفد کا خیر مقدم کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفارووا سے ملاقات کی، سپیکر نے مجلس میں پُرتپاک استقبال پر سپیکر ملی مجلس کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پارلیمانی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مسئلہ کشمیر، غزہ میں انسانی بحران اور ایران-اسرائیل کشیدگی پر آذربائیجان کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہا۔

(جاری ہے)

سپیکر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے آزاد شدہ آذربائیجانی علاقوں کے حالیہ دورے کو نہایت اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے آذربائیجان، پاکستان اور ترکی کے پارلیمانی سپیکرز کے مابین سہ فریقی اجلاس جلد منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہپارلیمانی وفد میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین شامل ہیں، جو آذربائیجان کے لیے پاکستانی پارلیمان کی حمایت کا مظہر ہے۔

قومی اسمبلی آف پاکستان نے آرمینیا اور آذربائیجان کی کشیدگی کے موقع پر قومی آذربائیجان کی حمایت میں دو قرارداد متفقہ طور پر منظور کیں۔ قومی اسمبلی پاکستان نے آرمینیا کی جارحیت کے خلاف اپنی قرارداد میں بھرپور مذمت کی۔سپیکر ملی مجلس صاحبه غفارووا نے پاکستان کی جانب سے مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو قابلِ فخر قرار دیا۔

انہوں نے آذربائیجان-پاکستان-ترکی سہ فریقی پارلیمانی اجلاس اور 2021 میں اپنے دورۂ پاکستان کو نہایت خوشگوار قرار دیا۔ صاحبہ غفارووا کی پاکستان-آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے وفد کو آئندہ خزاں اجلاس کے دوران ملی مجلس کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔سپیکر ملی مجلس نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے ملی مجلس میں موجود مہمانوں کی یادداشت کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ملاقات میں اراکینِ قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، چوہدری افتخار نذیر، صادق افتخار، عمیر خان نیازی، محمد افضل کھوکھر، محمد معین عامر پیرزادہ اور نذیر احمد بھگیو نے شرکت کی۔