محکمہ انسانی حقوق سندھ تمام شہریوں بالخصوص کمزور اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے ، آغا فخر حسین

منگل 8 جولائی 2025 17:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) لیاری ٹائون میں ایک خستہ حال رہائشی عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 27 جانوں کا نقصان ہوا۔ سندھ ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ (ایس ایچ آر ڈی)کے ڈائریکٹر آغا فخر حسین نے انسانی حقوق پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی راجویر سنگھ سوڈھا کی ہدایات پر متاثرہ مقام کا دورہ کیا ۔اس دورے کے دوران ڈائریکٹر آغا فخر حسین نے متاثرہ خاندانوں اور رہائشیوں سے ملاقات کی - جن میں سے بہت سے اقلیتی ہندو برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

ڈائریکٹر نے ان خاندانوں کی ثقافتی اور مذہبی روایات کے مطابق متوفین کے لئے دعا کی اور سوگوار برادری کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔متاثرین اور علاقے کے رہائشیوں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ آغا فخر حسین نے انہیں یقین دلایا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے بشمول غیر محفوظ اور مضر رہائش کے حالات ، بے گھر ہونے اور بحالی کے کام میں کمی سے متعلق ان لوگوں کے مسائل کا اندازہ ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متاثرہ افراد کے مسائل پر باقاعدہ طور پر متعلقہ حکام سے بات چیت کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ اس واقعے کو زندگی کے حق اور محفوظ اور مناسب رہائش کے حق کی سنگین خلاف ورزی سمجھتا ہے جیسا کہ آئین کے آرٹیکل 9 اور آرٹیکل 38 کے تحت پاکستان کے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم کا رکن ہونے کے ناطے سے انسانی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ تمام شہریوں خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے عزم پر یقین رکھتا ہے اور مستقبل میں اسی طرح کے سانحات کو روکنے کے لئے فوری مربوط کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔