وزیراعظم شہباز شریف قطری کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کی سیاحت و کوہ پیمائی کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا

منگل 8 جولائی 2025 22:57

وزیراعظم شہباز شریف قطری کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کی سیاحت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی شہرت یافتہ قطری کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

نانگا پربت پر ان کی حالیہ کوہ پیمائی قابلِ تعریف ہے، میری طرف سے دل سے مبارکباد۔ یہ واقعی ایک متاثر کن کارنامہ ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ شیخہ اسماء کی کامیابی ہمت، حوصلے اور عزم کا مظہر ہے اور ان کا کارنامہ نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے قدرتی حسن کو اجاگر کرتا ہے بلکہ پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت بھی ہے۔ شیخہ اسماء الثانی نے حال ہی میں دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والے نانگا پربت کو کامیابی سے سر کیا، جس پر انہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ اب انہیں پاکستان کی سیاحتی صلاحیت اور پہاڑی سلسلوں کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا اعزازی کردار سونپا گیا ہے۔