بھارتی حکومت ا پنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے شرمناک ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، آزادی پسند فورم

منگل 8 جولائی 2025 22:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) آزادی پسند تنظیموں کے مشترکہ فورم نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی حکومت تحریک آزادی کو دبانے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے نت نئے اور شرمناک ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکومت نے گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر، قتل و غارت، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں، عقوبت خانوں میں مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جیسے سفاکانہ ہتھکنڈے آزمائے لیکن اس کے باوجود وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہ کر سکی۔

انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی مظالم نے کشمیری قوم کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔

(جاری ہے)

جب بھارت کے تمام تر ہتھکنڈے ناکام ہوگئے اور وہ تحریک آزادی کو کمزور یا ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہوا تو اس نے ایک اور نہایت ہی شرمناک اور انسانیت سوز سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں اور بچوں کو نشے کی لعنت میں دھکیلنے کا گھنائونا کھیل شروع کر دیا۔

منظم منصوبہ بندی کے تحت سرکاری سرپرستی میں نشہ آور ڈرگز کی ترسیل و تقسیم کی جارہی ہے تاکہ کشمیری نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی اور روحانی قوتوں کو مفلوج کیا جا سکے اوران کی غیرتِ ملی، دینی حمیت اور آزادی کی خواہش کو ہمیشہ کیلئے کچلا جاسکے۔ترجمان نے کہاکہ یہ وہ خوفناک ہتھیار ہے جسے دنیا کی قابض طاقتیں محکوم قوموں پر مسلط کر کے ان کی غلامی کو دوام بخشنے کی کوشش کرتی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارتی حکومت نہ صرف خود اس شرمناک منصوبے میں ملوث ہے بلکہ الٹا آزادی پسند رہنمائوں پر الزامات عائد کرکے’’ چور مچائے شور ‘‘ کے مصداق تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں پر منشیات فروشی جیسے الزامات لگانا درحقیقت آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔دنیا جانتی ہے کہ کشمیری مجاہدین اور حریت پسند اپنے نوجوانوں کو دین، غیرت، ایمان اور آزادی کے نشے میں سرشار رکھتے ہیں نہ کہ منشیات کے۔

بھارتی حکومت کا یہ بھونڈا الزام اس کی بوکھلاہٹ اور کھلی ناکامی کا اعتراف ہے۔ ترجمان نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اپنی اصل روح، منزل اور مقصد پر قائم و دائم ہے اور بھارت کے یہ گھٹیا، ناکام اور شرمناک ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم خوب جانتی ہے کہ اس کا دشمن کتنا مکار اور عیار ہے تاہم ہمیں یقین کامل ہے کہ بھارتی حکومت کی یہ تمام سازشیں، ہتھکنڈے اور حربے ایک بار پھر ناکام ہوں گے اور ان شاء اللہ آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔