پہلی بار اسرائیل نے سینئر کمانڈرز کے قتل کے خوف سے شیڈو جنرل سٹاف تشکیل دیدیا

یہ اقدام آپریشن رائزنگ لائن کی تیاریوں اور سینئر ایرانی کمانڈروں کے خاتمے سے پہلے کیا گیا تھا،رپورٹ

بدھ 9 جولائی 2025 12:24

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)ایک اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ فوج نے احتیاطی اقدام کے طور پر ایک شیڈو جنرل سٹاف تشکیل دیا ہے جس کا مقصد سینئر افسران کے قتل یا زخمی ہونے کی صورت میں فوجی قیادت کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدام گذشتہ ماہ ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈروں کے قتل سے پہلے کیا گیا۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق یہ اقدام آپریشن رائزنگ لائن کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں ابتدائی طور پر ایرانی فوج کی اعلی قیادت اور پاسداران انقلاب کے کمانڈروں کے ایک گروپ کے اعلی عہدیداروں کا قتل جاری تھا۔ اخبار نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ اپنے سینئر کمانڈروں اور افسران کو نشانہ بنانے کے اسی طرح کے منظر نامے کے خوف سے اسرائیلی فوج نے پہلے ہی ایک متبادل کمانڈ کا ڈھانچہ تیار کر لیا تھا تاکہ ضرورت پڑنے پر کمانڈ سنبھالنے کے لیے تیار رہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے ایسا قدم اٹھایا ہے۔