دبئی اسلامک بینک نے پاکستان سے 1 ارب ڈالر کا شریعت کے مطابق فنانسنگ معاہدہ مکمل کر لیا

بدھ 9 جولائی 2025 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) پاکستان کے لیے ایک اہم مالیاتی کامیابی کا سنگ میل طے ہوا ہے، دبئی اسلامک بینک نے 1 ارب ڈالر کا شریعت کے مطابق فنانسنگ معاہدہ مکمل کر لیا۔ اس معاہدے میں عالمی اور علاقائی مالیاتی اداروں کی شراکت ہے، جس کے تحت 5 سالہ فنانسنگ سہولت فراہم کی گئی ہے، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پہلی پی بی جی ٹرانزیکشن شامل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کا 89 فیصد حصہ اسلامی فنانسنگ کے اصولوں پر مبنی ہے، اور اس میں دبئی اسلامک بینک کے علاوہ، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، ابوظہبی اسلامک بینک، عجمان بینک اور شارجہ اسلامک بینک جیسے اہم ادارے شریک ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس معاہدے کو ملکی معیشت اور مالیاتی اداروں کے درمیان اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے اور اسے اسلامی فنانس کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے ایک اہم قدم گردانا ہے۔