وفاقی وزیرآبی وسائل کا تربیلا ڈیم کا دورہ ، توانائی منصوبوں پرپیش رفت کا جائزہ

بدھ 9 جولائی 2025 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے اعلان کیا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کی بیٹھنے والی ٹنل کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ بحالی کے عمل کے ساتھ ساتھ ٹنل کی خرابی کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔ تربیلا ڈیم کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معین وٹو نے بتایا کہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس نے بحالی کے فوری آغاز کی تجویز دی ہے۔

ہمیں بجلی کی پیداوار اور آبی ذخائر کے لیے وقت ضائع کیے بغیر آگے بڑھنا ہوگا۔ معین وٹو نے تربیلا ہائیڈرو پاور کے پانچویں توسیعی منصوبے پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پہلے فیز سے بجلی کی پیداوار اگلے سال اکتوبر میں شروع ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر کے مطابق ایک ایک ماہ کے وقفے سے منصوبے کے دیگر دو فیز بھی مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے سے مجموعی طور پر 1530 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، جس سے نہ صرف فی یونٹ بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی بلکہ لوڈ شیڈنگ میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔ معین وٹو نے مزید کہا کہ مہمند اور دیامیر بھاشا ڈیم منصوبوں کی تکمیل بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر مستقبل میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے آبی ذخائر کی تعمیر پر پوری توجہ دی جا رہی ہے۔