Live Updates

عمران خان کی تحریک حقیقی آزادی کے لئے ہے ‘ شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری

حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں‘یاسمین راشد، محمود الرشید، سرفراز چیمہ/جیل سے خط

بدھ 9 جولائی 2025 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی ، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمو دالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفرا زچیمہ نے جیل سے لکھے گئے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ عمران خان کی تحریک حقیقی آزادی کے لئے ہے ، عدل و انصاف کی حکمرانی ،غربت و جہالت کا خاتمہ ،لٹیروں کی سر کوبی اور لوٹ کے مال کی واپسی اس تحریک کے اہداف ہیں۔

پی ٹی آئی کے سیل کی جانب سے جاری کئے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ تحریک پرامن تھی پر امن ہے اور خون دے کر بھی پر امن رہے گی ، گزشتہ تین برس سے زائد عرصے میں تشدد حکومت ہی کی طرف سے ہواہے اور پرتشدد واقعات کی سازش بھی انہی عناصر کی طرف سے ہوئی ہے ۔2022میں رجیم کی تبدیلی ہو ، قومی اسمبلی کے ارکان کی سندھ ہائوس میں خرید و فروخت ہو ،پارلیمنٹ کے فیصلوں سے انحراف ہو ،پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کی آئینی تحلیل کے بعد انتخاب سے فرار ہو ، سپریم کورٹ کے فیصلے سے رو گردانی ہو ،پر تشدد واقعات کی سازش ہو ،2024میں عوامی فیصلے پر ڈاکہ ہو یا 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی دھجیاں اڑانا ہو یہ ساری کارروایاں انہی عناصر کی سیاہ کاریاں ہیں۔

(جاری ہے)

ان عناصر کے خلاف پر امن جدوجہد ہماری آئینی جمہوری اور سیاسی حق ہے ،اس جدوجہد میں ہم حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں،اگر مفاہمت کے لئے مزاحمت کا بیانیہ اختیار کیا جا سکتا ہے تو پرامن تحریک کا راستہ روکنا منافقت ہی ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات