فلسطینیوں کی حق خود ارادیت آزاد فلسطین میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گئی،سربراہ پاکستان سنی تحریک

امریکہ کا ابراہم اکارڈ کا کھیل انصاف کا قتل اور عالمی قوانین کو روندنے فلسطین وکشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کا فارمولا ہے،شاداب رضا نقشبندی

بدھ 9 جولائی 2025 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی حق خود ارادیت آزاد فلسطین میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گئی،اسرائیل ناجائز ریاست ہے اس کوکسی طور بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا،ابراہم معاہدہ اسرائیل کو تسلیم کرنے اور امن کے جھانسے کی آڑ میں فلسطینیوں کی آزادی چھیننے کے سوا کچھ نہیں ہے، اسرائیل کو پاکستان کے عوام کسی صورت قبول نہیں کرینگے اسرائیل کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے سازشوں سے باز آجائیں،اسرائیل سے تانے بانے جوڑنے والے فلسطین اور کشمیر کاز کے دشمن گردانے جائینگے،قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا،قائد اعظم کا یہ فیصلہ نظریاتی اور اسلامی روح کے تحت تھا فلسطینیوں کی آزادی ان کا مقدر ہے،اسرائیل کا ساتھ دینے والوں کو پاکستان کی زمین قبول نہیں کریگی اسرائیل کا خاتمہ ہوکر رہے گا، ابراہم اکارڈ فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ اسرائیل کو تسلیم کرانیکا جھانسہ ہے،امریکا اسرائیل کے غاصبانہ وجابرانہ تسلط کو تسلیم کرانے کیلئے مسلم ممالک پر دبا ڈال رہا ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کا لالچ دے رہا ہے،اسرائیل کی حیثیت کمزور ہوچکی فلسطین کے عوام اپنے حقوق اور آزاد فلسطین کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں،نیتن یاہو کو گرفتار کرنے اور جنگی جرائم کے مقدمات قائم کرنے کی بجائے ابراہم اکارڈ کا کھیل انصاف کا قتل اور عالمی قوانین کو روندنے کے مترادف ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابراہم اکارڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل فلسطین کے عوام کی آزادی سلب اور اسرائیل کو تسلیم کرانے کیلئے امن سے خوشحالی کی طرف کا جھانسہ دے رہے ہیں،فلسطین وغزہ میں اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر وہاں شہادتیں ہورہی ہیں،امریکہ امن معاہدے کی آڑ لینے کی بجائے اقوام متحدہکی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیوں نہیں کروارہا ہے،اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے اور ابراہم اکارڈ کا جھانسہ دے کر فلسطینیوں کی آزادی سلب اور اسرائیل کو منوانے کی سازش رچائی جارہی ہے،مسلم حکمران یاد رکھیں قرآن پاک کا فیصلہ ہے یہود ونصاری تمھارے دوست نہیں ہوسکتے،مسلم ممالک امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں سے ہوشیار ہوجائیں فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس سے اسرائیلی قبضہ ختم کرانے کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کریں،سلامتی کونسل نے جب بھی غزہ جنگ بندی کی قرارداد منظور کی امریکا اس کا سب سے بڑا مخالف رہا ہے،اقوام متحدہ اور عالمی فوجی عدالت آج کہاں ہے کیوں نیتن یاہو کو گرفتار نہیں کیا جارہا،ابراہم اکارڈ کے نام سے امریکہ اور اسرائیل ڈرامہ بازی اور جھانسہ دینے کی فنکاری کررہے ہیں۔