پی ٹی آئی نے کراچی میں عمارتیں گرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی

قراردادمیں لیاری کے حالیہ دلخراش سانحے سمیت دیگر واقعات کی شفاف تحقیقات اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

بدھ 9 جولائی 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر محمد شبیر قریشی نے کراچی میں عمارتیں گرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں ایک اہم قرارداد جمع کرا دی ہے، جس میں لیاری کے حالیہ دلخراش سانحے سمیت دیگر واقعات کی شفاف تحقیقات اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شبیر قریشی نے کہاکہ لیاری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 27 بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یہ محض ایک واقعہ نہیں بلکہ کراچی میں عمارتوں کے گرنے کا تسلسل بن چکا ہے۔ ماضی میں بھی مختلف اوقات میں کئی عمارتیں گریں، جن کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ذمہ دار افسران کے اثاثہ جات کی مکمل جانچ کی جائے اور جن افسران نے کرپشن یا مجرمانہ غفلت برتی ہے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

شبیر قریشی نے یہ بھی تجویز دی کہ سندھ اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان واقعات کی مکمل چھان بین کرے اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے عملی سفارشات دے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قرارداد کو منظور کر کے اسمبلی میں کراچی میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر پر بھرپور بحث کی جائے تاکہ ایک جامع پالیسی تشکیل دی جا سکے جو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔