وزیرِ اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 9 جولائی 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) وزیرِ اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر وفود کی سطح پر تفصیلی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزارت امور کشمیر و سیفران کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام اور صوبائی جنرل سیکریٹری مرتضیٰ جاوید عباسی شامل تھے۔

جے یو آئی کے وفد میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی، مولانا لطف الرحمان، سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان اور مولانا اسعد محمود شریک ہوئے۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔