وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کی قیادت میں پاکستانی وفد کے متحدہ عرب امارات میں اعلیٰ سطحی روابط

بدھ 9 جولائی 2025 23:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم کی ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری دورہ پر ہے۔ یہ دورہ یو اے ای حکومت کے ایکسپیرینس ایکسچینج پروگرام (EEP) کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے اور حکومتِ پاکستان کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے، بہتر سروس ڈیلیوری اور عوامی شعبے کی جدید طرزِ حکمرانی کے فروغ سے ہم آہنگ ہے۔

یو اے ای کی کابینہ امور کی وزارت میں مسابقت اور تجربات کے تبادلے کے لیے ڈپٹی وزیر عبداللہ ناصر لوطاہ نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا جودور ہ کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اصلاحات اور ترقی کے سفر میں مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے لیے ٹھوس اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔

بلال اظہر کیانی نے یو اے ای حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ڈیجیٹل حکمرانی اور ٹیکس نظام کی جدید کاری جیسے اہم شعبوں میں معلومات کے تبادلے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ یو اے ای کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ طرزِ حکمرانی، اختراع اور عوامی خدمت کے ماڈلز سے سیکھنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اصلاحاتی ترجیحات کو دہراتے ہوئے ڈیجیٹائزیشن، ای کامرس اور معاشی استحکام کو اجاگر کیا۔

پاکستانی وفد نے یو اے ای کے اعلیٰ حکام کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی ، مریم الحمادی وزیرِ مملکت و سیکرٹری جنرل یو اے ای کابینہ نے حکومتی پالیسیوں اور قانون سازی پر بریفنگ دی۔ حنان اہلی ڈائریکٹر فیڈرل کمپیٹیٹیونس اینڈ اسٹیٹسٹکس سینٹرنے یو اے ای اور عالمی مسابقتی اشاریوں پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر راضیہ الہاشمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر گورنمنٹ ایکسیلیریٹرز سینٹر نے حکومتی جلد عملدرآمد ماڈل پیش کیا۔

ہیثم الرائیس ڈپٹی چیف آف اسٹریٹجی وزیراعظم آفس نے پائیدار مستقبل کے لیے حکمت عملیوں پر گفتگو کی۔ بلال اظہر کیانی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل حکمرانی، کارکردگی اور مسابقت میں بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اپنانا ناگزیر ہے تاکہ عوامی شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔یہ اعلیٰ سطحی رابطہ 16 جون 2025ء کو یو اے ای کی وزارتِ کابینہ امور اور پاکستان کی وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر عملدرآمد کا تسلسل ہے، جو دونوں ممالک کی ادارہ جاتی بہتری اور اشتراکی حکمرانی کے لیے مشترکہ عزم کو مضبوط بناتا ہے۔