گزشتہ مالی سال کے دوران امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا ،ٹی ڈی اے پی

جمعرات 10 جولائی 2025 12:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان کی 5 بڑی برآمدی مارکیٹس میں امریکہ،برطانیہ، متحدہ عرب امارات، جرمنی اورنیدرلینڈ جبکہ دیگرمارکیٹس میں سپین، افغانستان،اٹلی، بنگلہ دیش، سعودی عرب، بیلجئم، فرانس ، ملائیشیا، انڈونیشیا،تھائی لینڈ،افریقہ اور کینیڈا شامل ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آپ پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی رپورٹ کے مطابق 30جون 2025کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا ہے اور اس دوران امریکہ کوکی جانے والی برآمدات میں 5.8ارب ڈالرکا زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال 25-2024میں امریکہ کو کی جانے والی برآمدات مالی سال 24-2023کے مقابلے میں 11.53فیصدکی بڑھوتری سے 5.8ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مالی سال 24-2023میں برآمدات کی مالیت 5.2ارب ڈالر رہی تھی۔

(جاری ہے)

اسی طرح برطانیہ کوکی جانے والی برآمدات میں بھی سالانہ بنیادوں پر5فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم2ارب ڈالر کے مقابلے میں 2.1ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔

متحدہ عرب امارات مالی سال 24-2023میں 1.5ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 1.7ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں اور دوران سال برآمدات میں 13.33فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح جرمنی کو کی جانے والی قومی برآمدات میں بھی 10فیصد جبکہ نیدر لینڈ اور سپین کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 9فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں گزشتہ مالی سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات میں 31فیصد جبکہ اٹلی 2فیصد، بنگلہ دیش9 فیصد، سعودی عرب3فیصد، بیلجئم 4 فیصد اور فرانس کو کی جانے والی برآمدات میں 10فیصدکے علاوہ کینیڈا کو کی جانے والی برآمدات میں بھی 2فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹی ڈی اے پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات میں 8فیصد کی کمی سے برآمدات کا حجم 2.5ارب ڈالر کے مقابلے میں 2.3 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے علاوہ افریقی ملک کینیا کوکی جانے والی برآمدات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران یورپی ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 7فیصد جبکہ امریکہ اور شمالی امریکی ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 10فیصد کا اضافہ ہوا ہے تاہم ایشیائی اور افریقی ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں بالترتیب ایک اور 2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹی ڈی اے پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی بڑی برآمدی مصنوعات میں ٹیکسٹائلز اورچمڑے کی مصنوعات شامل تھیں جن کی مجموعی برآمدات میں دوران سال 7فیصد اور انجینئرنگ ،مینوفیکچرنگ او ر معدنیا ت کی برآمدات میں 9فیصد کی بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے جبکہ دوسری جانب زرعی اور غذائی اجناس کی برآمدات میں 7فیصدکی کمی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں ڈیڑھ ارب ڈالر یعنی 4.9فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کاحجم24-2023 کی 30.6ارب ڈالرکے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 25-2024کے دوران 32.1ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔\395\932