ورلڈ پولیس اینڈ فائرگیمز 2025ء میں ملتان پولیس کے سب انسپکٹرفرقان احمد خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا

جمعرات 10 جولائی 2025 16:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ملتان ریجن پولیس کو بین الاقوامی سطح پر ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ملتان پولیس کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلر اور سپورٹس آفیسر سب انسپکٹر فرقان احمد خان نے امریکہ کے شہر برمنگھم، الاباما میں منعقدہ ورلڈ پولیس اینڈ فائر گیمز 2025ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 130 کلوگرام گریکو رومن ریسلنگ کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان اور بالخصوص پنجاب پولیس کا نام روشن کر دیا۔

ترجمان ملتان پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر فرقان احمد خان نے مذکورہ مقابلوں کے دوران اپنی اعلیٰ فنی مہارت، جسمانی قوت اور جذبے سے امریکہ اور منگولیا کے نمایاں پہلوانوں کو شکست دی۔ انہوں نے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف بھی عمدہ مقابلہ کیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر کے شرکاء کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سب انسپکٹر فرقان احمد خان کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملتان پولیس کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے نہ صرف پولیس فورس کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے بلکہ نوجوانوں کو بھی سپورٹس میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی،ملتان پولیس اس کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ سب انسپکٹر فرقان احمد خان آئندہ بھی اسی جذبے سے ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں۔