پاکستان کوہ پیماؤں اور مہم جوئی کے متلاشیوں کے لئے اہم مقام ہے، وزیراعظم

جمعرات 10 جولائی 2025 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی کوہ پیماؤں کو پاکستان میں کوہ پیمائی کی دعوت اور اس سلسلے میں حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوہ پیماؤں اور مہم جوئی کے متلاشیوں کے لئے اہم مقام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں نانگا پربت سر کرنے والی پہلی قطری خاتون کوہ پیماشیخہ اسماء الثانی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے شیخہ اسماء الثانی کو نانگا پربت سر کرنے والی خلیج اور قطر کی پہلی خاتون کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ان کی غیر معمولی ہمت اور عزم کو سراہتے ہوئے مہم جوئی اور کوہ پیمائی کے ذریعے دنیا بھر کی خواتین بالخصوص نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستان کے قدرتی حسن کو اجاگر کرنے کیلئے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کی ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 5 کا پاکستان میں ہونا نہ صر ف پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے بلکہ یہ کوہ پیماؤں اور ایڈونچر کے متلاشیوں کے لئیاسے ایک اہم مقام بھی بناتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے شاندار پہاڑوں کا انتخاب کرنے اوران کی قدرتی خوبصورتی کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے میں قابل قدر کردار ادا کرنے پرشیخہ اسماء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کو ان کی مہمات میں مدد فراہم کرنے والے پاکستانی کوہ پیمائوں ،پورٹرز اور گائیڈز کا بھی ذکر کیا جو دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کو ان کی مہمات میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی مہارت اور لگن بین الاقوامی کوہ پیمائوں کی غیر معمولی کامیابیوں کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے اور دوستانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شیخہ اسماء کی کامیابی دونوں ممالک کے درمیان جرات، مثبت عزائم اور استقامت کی مشترکہ اقدار کی عکاس ہے۔ انہوں نے ایڈونچر ٹورازم، کھیلوں اور نوجوانوں کی شمولیت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے شیخہ اسماء الثانی کے مساوی مواقع کی تخلیق میں جینڈر مساوات کمیشن کی نائب صدر کے طور پر فعال کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی کوہ پیماؤں کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں تمام ضروری سہولیات، حفاظت اور مہمان نوازی کا یقین دلایا۔وزیراعظم نے شیخہ اسماء کو مستقبل میں مزید کوہ پیمائی کے لئے پاکستان آنے اور متنوع اور دلکش مناظر کو مزید دریافت کرنے کی دعوت دی۔

شیخہ اسماء الثانی نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ نانگا پربت کی اپنی حالیہ کوہ پیمائی کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے مقامی پورٹرز اور گائیڈز کے تعاون کی تعریف کی اور اس شاندار پہاڑ کی خوبصورتی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کے ٹو، جسے ماضی میں وہ سر کر چکی ہیں، کو اپنی سر کی گئیں تمام چوٹیوں میں بہترین پہاڑ قرار دیا اور کہا کہ اس کی خوبصورتی بے مثال ہے۔ وزیر اعظم نے شیخہ اسماء الثانی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔