لیاری کے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کے لیے حکومت تین ماہ کا کرایہ فراہم کرے گی، شرجیل انعام میمن

جمعرات 10 جولائی 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے لیاری میں 9غیر محفوظ عمارتوں کو خالی کروا لیا ہے جبکہ ایک خستہ حال عمارت کے انہدام کا عمل جاری ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کے لیے حکومت تین ماہ کا کرایہ فراہم کرے گی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایس بی سی اے کے نئے ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15دن کے اندر اپنے اثاثے جمع کروائیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر اور تحفظ میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت آئندہ ماہ سندھ الیکٹرک پالیسی 2024متعارف کروانے جا رہی ہے، صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے نوری آباد اور دھابیجی صنعتی زونز میں بجلی پر فی یونٹ 18روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایجنسی برائے ماحولیاتی تحفظ نے سی ویو پر غیر قانونی گندے پانی کے اخراج کے خلاف فوری کریک ڈائون کا حکم دیا ہے اور متعلقہ ٹیموں سے 48گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت دیگر کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپریل اور مئی 2025 کے دوران صارفین سے زائد وصول شدہ رقم واپس کریں، جس کے تحت فی یونٹ 4.035روپے اور 50پیسے صارفین کو لوٹائے جائیں گے۔