سپیکر پنجاب اسمبلی کا معطل اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنسز پر کارروائی کا آغاز

جمعرات 10 جولائی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے 26 معطل ارکان کے خلاف آئینی ریفرنسز پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق یہ ریفرنسز آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 63(2) کو آرٹیکل 113 کے ساتھ ملا کر دائر کیے گئے ہیں،جن میں متعلقہ ارکان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کو یہ ریفرنسز باقاعدہ طور پر موصول ہو چکے ہیں، جن پر آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے سپیکر نے تمام 26 معطل اراکین اسمبلی کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 10A کے تحت ہر رکن کو شفاف سماعت کا حق حاصل ہے اور پنجاب اسمبلی آئینی دائرہ کار میں مکمل انصاف کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

ذاتی سماعت11 جولائی 2025 بروز جمعہ، صبح 11 بجے سپیکر کے چیمبر نئی اسمبلی عمارت لاہور میں منعقد کی جائے گی۔سپیکر پنجاب اسمبلی آئینی طور پر 30 روز کے اندر ان ریفرنسز پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں۔ملک محمد احمد خاں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ریفرنسز پر کارروائی مکمل غیر جانبداری،شفافیت اور آئینی اصولوں کی روشنی میں کی جائے گی تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط اور معتبر بنایا جا سکے۔