رکن قومی اسمبلی نائمہ کنول کی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نائمہ کنول نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں رکن اسمبلی نے گورنر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں سیاسی انتقام اور عوام کے ساتھ کی گئی زیادتی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ این او سی کی حامل عمارتوں کو مسمار کرنا انتہائی ظلم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس زیادتی پر آواز اٹھانے پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ کو گرفتار کرکے ہری پور جیل منتقل کردیا گیا ہے ۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ میری ذاتی جائیداد کو بھی نشانہ بنایا گیا جس پر مقامی انتظامیہ کے افسران کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی گئی ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے ،وزیر اعلیٰ کے پی کے کی ذاتیات پر مبنی اقدامات کے خلاف ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ کے دلیرانہ موقف پر صرف ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام ہی نہیں پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ زیادتی کے مرتکب افسران کے خلاف اراکین اسمبلی رکن قومی اسمبلی نائمہ کنول کا بھرپور ساتھ دیں گے۔