ائیر سیال کراچی سے سیالکوٹ اور مختلف شہروں سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 9 پروازیں چلا رہی ہے ،ترجمان

جمعہ 11 جولائی 2025 11:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ترجمان ائیر سیال محمد امتیاز نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیسری نجی ائیر لائن نے کراچی سے سیالکوٹ اور ملک کے مختلف شہریوں سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 9 پروازوں کے ساتھ مسافروں کو معیاری سروسز فراہم کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈ کوارٹر ائیر سیال کشمیر روڈ پکا گڑھا میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس نئی سروس کے ذریعے اب مسافر زیادہ سہولت، آسانی اور تسلسل کے ساتھ اندرون ملک اور دبئی کا سفر کر سکیں گے۔ایئر سیال کی یہ پروازیں سیالکوٹ ، لاہور ، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے روانہ ہوں گی، اور دبئی کے لیے براہِ راست سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایئر سیال کی جانب سے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد اندرون ملک ،پاکستان اور دبئی کے درمیان فضائی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔