مہمند ڈیم 2027 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا

پاور ہائوس کی عمارت کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، الیکٹرو مکینیکل آلات کی تیاری ترقی کے مراحل میں ہے

جمعہ 11 جولائی 2025 13:19

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) مہمند ڈیم 2027 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا، جس سے 800 میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو اس وقت زراعت کے لیے پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کے لیے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔واپڈا کے چیئرمین نوید اصغر چوہدری نے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں دریائے سوات کے پار تعمیر کیے جانے والے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران چیئرمین نے سپل وے، پاور ہاس، مین ڈیم، ڈائیورژن سسٹم اور پاور انٹیک سمیت مختلف ورک فرنٹ پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ واپڈا نے اس سال مئی میں مین ڈیم پر تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے، جس میں کئی پیشگی ضروریات جیسے کہ ریور ڈائیورژن ٹنل، اپ اسٹریم اور ڈاون اسٹریم کوفر ڈیم، ڈیم پلنتھ اور بائیں اور دائیں ابٹمنٹس کی کھدائی اور ڈیم کی بنیادیں وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین کو ہر کام کے محاذ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا، انہیں بتایا گیا کہ 14 مختلف مقامات پر بیک وقت تعمیراتی کام چل رہا ہے۔پاور ہائوس کی عمارت کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، الیکٹرو مکینیکل آلات کی تیاری ترقی کے مراحل میں ہے، جبکہ سپل وے پر تعمیراتی کام مقررہ وقت سے پہلے ہے۔مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے توقع ہے کہ ڈیم کی تکمیل کے بعد 2027 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی-