Live Updates

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی کی زیر صدارت مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کا 99 واں اجلاس، قومی یادگار کی حفاظت و ترقی پر غور

جمعہ 11 جولائی 2025 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی زیر صدارت قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ (کیو ایم ایم بی) کا 99 واں اجلاس کراچی میں ریذیڈنٹ انجینئر کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مزار قائد اور اس کے گرد و نواح کی حفاظت، ترقی اور انتظام سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

جمعہ کو قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جانب سے یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور مزار قائد کی قومی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی جن میں سینئر جوائنٹ سیکرٹری سبینو سکندر جلال، اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ محمود عامر، عابد سلیم قریشی، فہیم اقبال صدیقی، علی اکبر گجر اور انعام اللہ شیخ شامل تھے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر نے بھی وفاقی وزیر کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔اجلاس کے اہم ایجنڈے میں مزار قائد کے تاریخی قدیم فانوس کو مزار سے نیشنل میوزیم آف پاکستان منتقل کرنے کی تجویز، مزار کمپلیکس کی دیکھ بھال کے لئے کیو ایم ایم بی کے سالانہ بجٹ تخمینوں کی منظوری، صوبائی فنڈنگ کے لئے درخواستیں، مزار قائد کے گرد و نواح کی ترقی اور ایوان نوادرات قائد اعظم (قائد کے میوزیم) کی از سر نو تزئین و آرائش کا منصوبہ شامل تھے۔

مزید تبادلہ خیال میں مزار کے گنبد اور چھت کی دوبارہ پینٹنگ اور بحالی، خالی آسامیوں کو پُر کرنا اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور شامل تھے۔ قومی یادگار کی پائیدار حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لئے جاری تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کی کوششوں کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی اور سیکرٹری این ایچ اینڈ سی ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے بورڈ ممبران کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کو بغور سنا اور مجوزہ اقدامات کے تیز رفتار اور مؤثر نفاذ کو آسان بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کا اختتام تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے مزار قائد کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے تحفظ کے عزم کے ساتھ ہوا جس نے قومی فخر، اتحاد اور عقیدت کی ایک گہری علامت کے طور پر اس کے کردار کو مزید تقویت بخشی۔\932
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات