رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی کی نہتے مسافروں کے قتل کے واقعہ کی مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 15:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے لورالائی میں نہتے مسافروں کو قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ نہتے مسافروں پر حملہ انسانی جانوں پر نہیں بلکہ بلوچستان کے امن اور اتحاد پر کھلا وار ہے ،بلوچستان وپاکستان کے خلاف ہر سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ معصوم اور نہتے مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنا فتنۃہندوستان کی بزدلانہ اور سفاکانہ کاروائی ہے۔ یہ حملہ صرف انسانی جانوں پر نہیں، بلکہ بلوچستان کے امن، غیرت اور اتحاد پر کھلا وار ہے۔انہوں نے کہاکہ میں یہ واضح کردوں کہ ہم ہر سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے،ہر شہادت کا بدلہ لیا جائے گا۔ یہ سرزمین محب وطنوں کی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔اللہ شہدا کی مغفرت کرے اور لواحقین کو صبر عطا کرے ۔