پاکستان کو 3 لاکھ سے زائد طبی مصنوعات فراہم کی ہیں ،عالمی ادارہ صحت

جمعہ 11 جولائی 2025 16:51

پاکستان کو 3 لاکھ سے زائد طبی مصنوعات فراہم کی ہیں ،عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان کو 3 لاکھ سے زائد طبی مصنوعات فراہم کی ہیں ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 5 ٹرکوں پر مشتمل طبی سامان میں ضروری ادویات اور دیگر طبی مصنوعات شامل ہیں جنہیں چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے صحت کے حکام کے حوالے کر دیا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مون سون ایمرجنسی پلان 2025 کے تحت جولائی سے اکتوبر کے دوران ممکنہ سیلاب، شدید بارشوں یا ان سے جڑی بیماریوں کے پھیلاؤ کے خلاف بروقت طبی ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ملک کے 33 ترجیحی اضلاع میں 13 لاکھ افراد کے لئے ہنگامی صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈاپینگ لوو نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی ٹیمیں پاکستان کے صحت کے اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک میں کام کر رہی ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر طبی ردعمل ممکن بنایا جا سکے، ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے صحت کے نظام کی استعداد بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔