روسی سفیر کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،بین الاقوامی،خطے اور ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے غزہ سے اہل غزہ کی بے دخلی پر روس سے مداخلت اور کردار ادا کرنے کی اپیل

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

روسی سفیر کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،بین الاقوامی،خطے اور ملکی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)پاکستان میں متعین روسی سفیر البرٹ خورِیو نے سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں بین الاقوامی،خطے اور ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں ایران اسرائیل جنگ میں فریقین کی جانب سے ایران کی حمایت پر اطمینان کا اظہار اور مسئلہ فلسطین اور غزہ میں انسانی المیے پر اظہار افسوس کیا گیا ۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے غزہ سے اہل غزہ کی بے دخلی پر روس سے مداخلت اور کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ۔روسی سفیر نے غزہ میں جنگ بندی اور غزہ سے اہل غزہ کی بے دخلی پر کردارا ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ افغان حکومت کو تسلیم کرنے کی روسی حکومت کے اقدام قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

باہمی تنازعات کے حل کے لئے ایشیاء یورپ سلامتی کے عنوان سے روس کی طرف سے کانفرنس کے انعقاد کو جمعیت علماء اسلام نے وقت کا اہم تقاضا قرار دیا ۔

نوآبادیاتی نظام کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی جدوجہد کو روسی سفیر کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا ۔روس اور جے یوآئی باہمی اتحاد سے نو آبادیاتی نظام کے خلاف جدوجہد کریں گے ،باہمی تعلقات کو مفادات کے تحفظ کے لئے استعمال کرنے پر اتفاق کیاگیا ۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے روسی سفیر کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ،ملاقات میں جلال الدین ایڈووکیٹ، مولانا اسجد محمود موجود تھے۔