سیلانی چائلڈ کیئراسپتال اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا فیصلہ

ہل پارک کے قریب 2800 مربع گز اراضی حاصل کرلی گئی،ساڑھے تین ارب روپے تعمیراتی لاگت کا تخمینہ ڈاکٹرز اور مخیر حضرات مالی تعاون کے علاوہ اپنے علم اور تجربے سے تعاون کریں،مولانا بشیر فاروق قادری کی اپیل

جمعہ 11 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں شمالی امریکا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کی معروف فلاحی تنظیم اپنا (APPNA ) کے جاری کنونشن 2025 میں شرکت کی۔اس موقع پر مولانا بشیر فاروق قادری نے امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے ماہرین طب، سرجنز اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور اعلان کیا کہ سیلانی نے کراچی میں ایک جدیدترین سیلانی چائلڈ کیئر اسپتال اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس نیک مقصد کے لیے شہر کے قلب میں، ہل پارک کے قریب، 2800 مربع گز اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر(تقریبا ساڑھے تین ارب روپی) لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکا کو بتایا کہ کراچی جیسے شہر میں جہاں آبادی ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، صرف 30 فیصد افراد کو سرکاری اسپتالوں تک رسائی حاصل ہے، جبکہ نجی اسپتالوں کے اخراجات عام آدمی کی استطاعت سے باہر ہیں۔

صحت عامہ کی بہت کم دستیاب سہولتوں کے باعث ہر سال ہزاروں نومولود بچے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔اس تناظر میں بچوں کی صحت کے حوالے سے یہ اسپتال ایک عظیم نعمت ہوگا جو جدید ترین طبی آلات، لیبارٹریز، سرجیکل یونٹس اور بچوں کی بیماریوں پر تحقیق کی سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے ڈاکٹروں اور طب کے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ اس کارِ خیر میں مالی تعاون کے ساتھ ساتھ، اپنے علم، وقت اور توانائی سے بھی سیلانی کے اس وژن کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مولانا بشیر فاروق نے سیلانی کے فلاحی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سیلانی نہ صرف لاکھوں لوگوں کو روزانہ کھانا فراہم کرتا ہے، بلکہ جدید تعلیم، خاص طور پر آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی مفت تربیت دے کر عام پاکستانی نوجوانوں کو خود کفیل بنا رہا ہے۔یہ نوجوان اب ہزاروں ڈالر ماہانہ کما رہے ہیں اور پاکستان کے لیے زرمبادلہ میں بھی اضافہ کر رہے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اب عالمی سطح پر اپنی خدمات کو وسعت دے چکا ہے، اور اس کے رجسٹرڈ دفاتر امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، ترکی اور شام میں قائم ہو چکے ہیں۔