ڈی ایس ریلوے لاہور کابرج سٹاف وگینگ مینوں میں حفاظتی سامان تقسیم، ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا

جمعہ 11 جولائی 2025 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈی ایس لاہور انعام اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کا فیلڈ اسٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کی فلاح، حفاظت اور سہولت کی فراہمی پاکستان ریلوے انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔لاہور ڈویژن میں تعینات برج اسٹاف اور گینگ مینوں میں دستانے، حفاظتی جوتے اور ورکنگ ٹولز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ اقدام فیلڈ اسٹاف کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے،اس سے نہ صرف کام کی رفتار میں بہتری آئے گی بلکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض میں ایمانداری، پیشہ ورانہ دیانت داری و باہمی تعاون کو شعار بنائیں اور سیفٹی پروٹوکولز کی سختی سے پیروی کریں۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈپٹی ڈی ایس مکینیکل میاں عبدالوقاص، ڈویژنل کمرشل آفیسر عدنان مروت، ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سلمان خالد، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم خٹک، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز غلام مرتضی اور محمد انجم، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد زوہیب، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا اور اسسٹنٹ ٹرانسپورٹیشن آفیسر چوہدری بلال قمر بھی موجود تھے۔

اس موقع پربرج اسٹاف اور گینگ مینوں نے حفاظتی سامان کی فراہمی پر ڈی ایس ریلوے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مزید لگن اور جانفشانی سے ادارے کی ترقی میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔بعدازاں ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ تمام منصوبہ جات مقررہ مدت میں اعلی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔