Live Updates

ہزارگنجی واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

جمعہ 11 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں چوری، ڈکیتی، لوٹ مار اور قتل و غارت گری کے بڑھتے ہوئے واقعات نے تاجر برادری کو شدید عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے، خصوصا ہزارگنجی میں تاجر اتحاد کے صدر سید حیدر آغا اور ان کے ساتھیوں پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد بھی ملزمان کی عدم گرفتاری حکومتی کارکردگی اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں دن دہاڑے تاجر و شہری خون میں نہلا دیے جائیں اور متعلقہ ادارے ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہیں، وہاں کی حکمرانی اور امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، گزشتہ کئی ماہ سے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں تاجروں و شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن حکومتی بے حسی اور ذمہ دار اداروں کی خاموشی نے عوام کو شدید مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی، ٹیکسوں کی بھرمار اور کاروباری مشکلات نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے، تو دوسری جانب بدامنی، لوٹ مار اور جان کے خطرات نے کاروباری ماحول کو مزید غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہزارگنجی واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور متاثرہ تاجروں کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، جبکہ شہر بھر میں موثر اور عملی سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے تاکہ تاجر برادری خود کو محفوظ محسوس کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، لیکن اگر حالات جوں کے توں رہے اور تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات