میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں 122 ملین روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

پیپلزپارٹی کا فلسفہ ہے کہ عوامی وسائل امانت ہیں اور انہیں دیانت داری سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنا ہماری ذمہ داری ہے،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی کی مختلف یوسیز میں سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور پیور بلاکس بچھانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس اہم ترقیاتی منصوبے پر تقریباً 122 ملین روپے لاگت آئے گی جس کی منظوری حکومت کی جانب سے دی جا چکی ہے، منصوبے کے تحت 1 لاکھ 30 ہزار مربع فٹ پیور بلاکس مختلف سڑکوں پر بچھائے جائیں گے جبکہ 1 لاکھ 99 ہزار 700 مربع فٹ سڑکوں کی استر کاری کی جائے گی، سیوریج نظام کی بہتری کے لیے مختلف قطر کی لائنیں بھی بچھائی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر اور پائیدار انفرااسٹرکچر فراہم کیا جا سکے،اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد،سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، بابا بھٹو، مقبو ل، ڈاکٹر عزیز،عمران اور دیگر منتخب نمائندے موجود تھے،سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی اورنگی ٹاؤن غازی آباد رحمت چوک پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا فلسفہ ہے کہ عوامی وسائل امانت ہیں اور انہیں دیانت داری سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم آج یہاں وعدے نہیں بلکہ عملی کام کرنے آئے ہیں، ضلع غربی کے مختلف علاقوں میں 4ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے، آج 22 ترقیاتی اسکیموں میں سے 5 کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے جبکہ بقیہ 17 اسکیموں پر رواں ماہ کام کا آغاز ہوجائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ 61 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے اورنگی ٹاؤن کی 5 یوسیز میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں اور تقریباً 900 ملین روپے کی لاگت سے ہر یوسی کو دو دو کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں، ان منصوبوں میں زبان، قوم، برادری کی کوئی تفریق نہیں رکھی جائے گی بلکہ ہر علاقے کو یکساں ترقی دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے پیپلزپارٹی مکمل کرے گی اور اس کے نمائندے ان منصوبوں کو اون کریں گے،میئر کراچی نے کہا کہ ضلع غربی کے عوام کا دیرینہ مسئلہ پانی ہے جس کے مستقل حل کے لیے حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی لانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، 12.8 ارب روپے کی لاگت سے بننے والا یہ منصوبہ اگلے ماہ 14 اگست 2025 کو مکمل ہو جائے گا جس سے ضلع غربی، کیماڑی اور مضافاتی علاقوں کو 40 سے 45 ملین گیلن اضافی پانی فراہم ہو سکے گاجبکہ 30 اگست کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا آغاز ہو گا، الحراء اور مومن آباد کے پمپنگ اسٹیشنز اسی مالی سال میں مکمل کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ شہید بھٹو کا نظریہ ہے جو بلا تفریق خدمت کا نظریہ ہے، آئندہ دو سالوں میں عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے ہر حصے میں ترقی کا سفر جاری و ساری رکھے گی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی قیادت صرف ایئرکنڈیشن گاڑیوں میں بیٹھنے تک محدود نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہوگی، شہر بھر میں برساتی نالوں کے چاکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کے لیے کام جاری ہے، نالوں میں بوریاں ڈالنے والے اپنا کام کرتے رہیں، ہم نکالتے رہیں گے، شہر کی صفائی اور بہتری کا سفر رکنے نہیں دیں گے،میئر کراچی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں ایک وقت تھا جب کسی مخصوص جماعت کا جھنڈا لہراتا تھا مگر آج لوگوں کی سوچ بدل چکی ہے، عوام اب کارکردگی دیکھتے ہیں دعوے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہریوں پر اضافی بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں اسی لیے پارکنگ فیس ختم کی جا رہی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،انہوں نے کہا کہ کچھ ٹاؤنز ہماری پارکنگ پر قبضہ کر رہے ہیں حالانکہ ٹاؤنز کا کام بھی شہریوں کو ریلیف دینا ہے، انہوں نے تمام ٹاؤنز کی انتظامیہ کو دعوت دی کہ وہ ساتھ آئیں اور شہر کو پارکنگ فری بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کا ساتھ دیں، میئر کراچی نے واضح کیا کہ پارکنگ فیس کے نام پر عوام سے پیسے بٹورنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عوامی جگہوں پر قبضہ کیا ہوا تھا ہم نے وہ قبضہ ختم کروایا اور یہی ہمارا مشن ہے کہ کراچی کے شہریوں کو قبضہ مافیا سے نجات دلا کر اس شہر کی خدمت کی جائے، انہوں نے کہا کہ غرور اور تکبر اللہ کو پسند نہیں اور ہمارا کام خلوص، دیانت اور عوامی خدمت ہے،یہ شہر ہمارا ہے، ہم سب کو مل کر اسے بہتر بنانا ہے اور انشاء اللہ ہم یہ کر کے دکھائیں گے۔