م*کارڈیک اداروں کی 67 فیصد فیکلٹی پی جی ٹریننگ میں غیر فعال، سیکرٹری ہیلتھ کا نوٹس

سیکرٹری ہیلتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ،لیول 3 اور 4 کی ٹریننگ میں عدم شرکت پر ٹیچنگ فیکلٹی کو فوری رجسٹریشن کی ہدایت

جمعہ 11 جولائی 2025 21:10

…لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کارڈیک انسٹی ٹیوشن کی ٹیچنگ فیکلٹی کی جانب سے لیول 3 اور لیول 4 کی پوسٹ گریجویٹ (PG) ٹریننگ میں حصہ نہ لینے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔محکمہ کے ریکارڈ کے مطابق ان کارڈیک اداروں کی تقریباً 67 فیصد فیکلٹی لیول 3 اور لیول 4 کی تربیت میں شرکت نہیں کر رہی، جو نہ صرف تعلیمی معیار بلکہ مریضوں کی بہتر نگہداشت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری عظمت محمود خان نے کی۔ اجلاس میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارڈیک انسٹی ٹیوشنز کی تمام فیکلٹی، بشمول پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر، فوری طور پر اپنی سپروائزری رجسٹریشن کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے رجوع کریں۔سیکرٹری ہیلتھ نے واضح کیا کہ ترقی کی راہ میں لیول 3 اور 4 کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ میں شرکت کو لازمی جزو تصور کیا جائے گا، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔