وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت اور بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مضبوط ہو رہی ہے، سردار یوسف

وفاقی حکومت مانسہرہ کی عوام سے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی،وفاقی وزیرمذہبی امور

جمعہ 11 جولائی 2025 22:15

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی معیشت روز بروز مضبوط ہو رہی ہے،وفاقی حکومت مانسہرہ کی عوام سے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی،وفاقی حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر ترجیحی بنیادوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مانسہرہ کے علاقے گڑھی حبیب اللہ میں بجلی کے نئے فیڈر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ وفاقی حکومت مسلم لیگ (ن)کے منشور کے تحت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے،صوبائی حکومت کی غاصبانہ سوچ کی بدولت ہزارہ ڈویژن بلعموم اور ضلع مانسہرہ بالخصوص ترقیاتی فنڈز سے محروم ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،آج دنیا بھر میں پاکستان اپنی ایک منفرد حثیت اور پہچان رکھتا ہے۔تقریب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید جنید قاسم سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور وزیراعظم پاکستان کی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔