Live Updates

سندھ حکومت مخدوش عمارتوں کے مکینوں کی رہائش کا مستقل بندوبست کرے،بلال عباس قادری

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)سندھ حکومت کی جانب سے مخدوش عمارتوں کے مکینوں کے لیے عارضی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔حکومت مخدوش عمارتوں کے مکینوں کی رہائش کا مستقل بندوبست کرے ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے لیاری میں خالی کرائی جانے والی مخدوش عمارتوں کے مکینوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اس کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ حکومت سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو سندھ حکومت فوری رہائش فراہم کرے۔بلال عباس قادری نے کہا کہ مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو گورنمنٹ پہلے سہولیات فراہم کرے۔کرائے کے مکان میں مخدوش عمارتوں کے مکین کیسے زندگی بسر کریں گے۔

(جاری ہے)

مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ غریب کا اپنے اہلخانہ کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

سندھ حکومت مسمار کی جانے والی مخدوش عمارتوں پر فوری طور پر تعمیراتی کام کرا کے واپس متاثرین کو اسی جگہ پر بسائے۔سندھ حکومت جیسے دیگر منصوبوں کے لیے بجٹ رکھتی ہے اسی طرح ایمرجنسی بجٹ بھی ہونا چاہیے تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔سندھ حکومت کے وزیر نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش فراہم کرنا سندھ حکومت کے لیے ممکن نہیں ہے۔

وزیر صاحب نے کہا ہے کہ حکومت دستیاب وسائل میں کچھ خاندانوں کو عارضی متبادل رہائش دے سکتی ہے۔اس کا مطلب تو یہ ہے کہ سندھ حکومت کا جب دل چاہے گا وہ متاثرین کے سر سے چھت چھین لے گی۔اس طرح کی ایمرجنسی صورتحال کے لیے حکومت کے پاس ایسے منصوبے ہونے چاہیے کہ فوری طور پر عوام کی مشکلات دور ہوسکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات