آئی کیو کنسلٹنٹس تیمرگرہ میں قائم، مقامی سطح پر کاروباری و قانونی خدمات کا آغاز

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:59

تیمرگرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) بائی پاس روڈ پر واقع پبلک لائبریری کے بالمقابل ''آئی کیو کنسلٹنٹس'' کے دفتر کا افتتاح ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور ممتاز قانون دان ملک شاہ فیصل ایڈوکیٹ، معروف مذہبی اسکالر مفتی خالد محمود القاضی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اسماعیل خان اور ہائی کورٹ کے وکیل قاضی ساجد محمود ایڈوکیٹ نے شرکت کی اور مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئی کیو کنسلٹنٹس کا قیام دیر لوئر اور ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جو قانونی، مالیاتی اور کاروباری رہنمائی کے میدان میں معیاری خدمات فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

قاضی ساجد محمود ایڈوکیٹ نے کہا کہ ادارے کا مقصد نوجوانوں، کاروباری طبقے اور پروفیشنلز کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سروسز مہیا کرنا ہے تاکہ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ معیاری مشورہ ممکن ہو سکے۔

چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اسماعیل خان نے کہا کہ ادارے میں ٹیکس ریٹرن، ایف بی آر سے رجسٹریشن، آڈٹ، مالیاتی گوشوارے اور اکاؤنٹنگ سافٹ ویئر سے متعلق جامع خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق بینک بک، کیش لیجر کی تیاری اور فائنینشل سٹیٹمنٹس کی تیاری کے حوالے سے بھی معاونت دستیاب ہوگی۔جہاں خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی، پاکستان انجینئرنگ کونسل، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور رجسٹرار آف فرم کے ساتھ رجسٹریشن جیسی سہولیات فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ فوجداری اور دیوانی مقدمات میں قانونی مشاورت، مینجمنٹ کنسلٹنسی اور کارپوریٹ سطح کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔شرکا کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کا باضابطہ نفاذ ہو چکا ہے، جس کے بعد مقامی سطح پر ان خدمات کی دستیابی انتہائی ضروری ہو چکی تھی۔ اس دفتر کے قیام سے اب تاجروں اور دیگر سائلین کو پشاور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

انہیں تمام سروسز مقامی سطح پر، کم فیس اور آسان رسائی کے ساتھ فراہم کی جائیں گی، جو کہ خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔شہریوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئی کیو کنسلٹنٹس پیشہ ورانہ معیار، دیانت اور خدمت کے اصولوں پر چلتے ہوئے دیر کے کاروباری اور قانونی حلقوں کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد پلیٹ فارم ثابت ہوگا