سرکاری اداروں میں 59کھرب روپے کا خسارہ ،نا اہل حکمرانوں کی نشانی ہے ‘ جاوید قصوری

مہنگائی،غربت، بے روزگاری اور بد امنی کی جڑ موجودہ کرپٹ سسٹم ہے ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ15سرکاری اداروں میں 59کھربے روپے کا خسارہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا مظہر ہے ، قومی ادارے ایک ایک کرکے خسارے میں جا رہے ہیں جبکہ حکومت کے پاس ان کی بحالی کے لئے نجکاری کے سوا کوئی پالیسی نہیں ،کرپٹ مافیا نے پورے سسٹم کو ہی یرغمال بنایا ہوا ہے ،اوپر سے لیکر نیچے تک کاموں کے ریٹس مقرر ہیں ،انسداد کرپشن کے اداروں میں بھی کرپٹ افراد بیٹھے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی، سیاسی، انتخابی اور اخلاقی کرپشن کا ناسور قومی سلامتی کے لیے خطرناک شکل اختیار کرگیا ہے۔

(جاری ہے)

بے انتہا غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بد امنی کی جڑ موجودہ کرپٹ سسٹم ہے جس کی وجہ سے بے انتہا معدنیات، بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال جفا کش اور محنتی قوم کے باوجود غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہورہا ہے۔

آئین پاکستان میں عام شہری کو عزت کی روٹی، تعلیم، علاج اور رہائش دینے کی ضمانت دی گئی ہے مگر کرپٹ حکومتوں نے ان بنیادی حقوق سے شہریوں کو محروم کر رکھا ہوا ہے۔ پاکستان میں 12 ارب روپے روزانہ کرپشن ہورہی ہے گویا4380 ارب روپے سالانہ کی کرپشن ہورہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان پر قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا چلا جا رہا ہے ، میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہر پاکستانی تقریباً تین لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے ۔

کرپشن اور کرپٹ نظام کو زندگی اور بقا کرپٹ سیاست دانوں اور نوکر شاہی نے دی ہے۔ کرپشن کے خلاف بنائے گئے اداروں نے بھی ہمیشہ ان کو چھتری فراہم کی ہے۔ کرپٹ نظام کی وجہ سے جان بچانے والی ادویات تک میں ملاوٹ ہورہی ہے۔المیہ یہ ہے کہ ملکی سسٹم مفلوج ہو گیا اور کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔