مرتضی وہاب نے فریئر ہال میں جنگ عظیم کی چوری نشئیوں پر ڈال دی

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)میئر کراچی مرتضی وہاب نے فریئر ہال سے جنگ عظیم کی چوری نشئیوں پر ڈال دی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ نشئی افراد سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، فریئر ہال کی چوری میں بھی نشئی افراد ملوث ہونے کا شبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فریئر ہال کی چوری کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کو متعدد بار خط ارسال کرچکے ہیں، نشئی افراد کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ کراچی میں تاریخی حیثیت رکھنے والے فریئر ہال سے جنگ عظیم کی یادگار اور نایاب شیلڈ چوری کرلی گئی، جس کا مقدمہ تھانہ آرٹلری میدان میں درج کرلیا گیا۔دوسری جانب پولیس نے واقعات کی روک تھام کے لیے کمشنر میونسپل کارپوریشن کو خط لکھ دیا۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ فیریئر ہال میں پارکنگ ایریا نہ ہونے کو موٹر سائیکل چوری کی وجہ قرار دیا گیا، فیریئر ہال میں قائم کیے گئے اسٹال اور پتھارے بھی غیرقانونی ہیں۔پولیس نے خط میں لکھا کہ سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے چوری کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، پارکنگ ایریا میں سٹی وارڈن کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔خط میں کہا گیا کہ فیریئر ہال میں قائم اسٹال اور پتھاروں کو مکمل ختم کیا جائے۔