بلوچستان ،رواں سال کے پہلے 6ماہ ،دہشتگردی واقعات میں 45.63فیصد ،سیٹلرز ٹارگٹ کلنگ میں 100فیصد اضافہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء) بلوچستان میں رواں سال کے پہلے 6ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 45.63فیصد جبکہ سیٹلرز کی ٹارگٹ کلنگ میں 100فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ صوبے میںرواں سال اب تک دہشتگردی کے 501واقعات میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت257افراد جاں بحق 492زخمی ہوگئے ۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں رواں سال 11جولائی تک سیکورٹی فورسز پر مجموعی طور پر 332حملوں میں 133اہلکار شہید جبکہ 338اہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیٹلرز کی ٹارگٹ کلنگ کے امسال سال اب تک 14بڑے واقعات میں 52افراد شہید جبکہ 11زخمی ہوگئے ہیں۔

اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان میں رواں سال 28آئی ای ڈی دھماکوں میں 19افراد شہید جبکہ 62زخمی ہوئے ، سولینز پر 59حملوں میں 11افراد شہید 29زخمی ہوئے، اعداد و شمار کے مطابق ٹرین پر ایک حملے میں 28افراد شہید ، ریلوے ٹریک پر حملوں میں ایک شخص شہید، صوبے میں اب تک 35دستی بم حملے ہوچکے ہیں جن میں تین افراد شہید جبکہ 30زخمی ہوئے ، اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں فرقہ وارنہ نوعیت کے 2واقعات میں 5افراد شہید ، ،پولیو ورکز پر اب تک ایک حملہ ہوا جس میں ایک شخص شہید ہوا ہے ، صوبے میں اب تک 9مواصلاتی ٹاورز پر حملے ہوئے جن میں دو افراد زخمی ہوئے نقصان پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ سال یکم جنوری سے جون تک 344واقعات رونما ہوئے تھے جبکہ سیٹلرز کی ٹارگٹ کلنگ کے 7واقعات میں 22افراد شہید ہوئے تھے ۔