مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سردار ایاز صادق

اتوار 13 جولائی 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ وزیر اعلی مریم نواز ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کی بھر پور خدمت کر رہی ہیں، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، لکھوڈیر اور مناواں کے حلقہ کیلئے اربوں کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں، پی ٹی آئی نے ملک کو قرضے کے سوا کچھ نہیں دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لکھوڈیر اور مناواں حلقہ کے دورہ کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ بھی موجود تھے ۔ سپیکرسردار ایاز صادق نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز صوبے میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کی بھر پور خدمت کر رہی ہیں،انہوں نے پنجاب کو تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ دیا،صوبہ بھر میں بلا امتیاز ترقیاتی کام جاری ہیں چاہے اپوزیشن کا حلقہ ہو یا حکومتی نمائندے کا ، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ،وزیر اعلی مریم نواز کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی ماضی کی حکومت کی چارسالہ کارکردگی سے بہتر ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف وفاق اور وزیر اعلی مریم نواز پنجاب میں عوام کی خدمت کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی پارٹی پی ٹی آئی کہا کرتی تھی کہ سڑکیں، سکولز اور ہسپتال بنانے سے کیا ہوتا ہے، اگر انہوں نے اپنے دور میں ایسے عوامی منصوبے بنائے ہوتے توآج انہیں عوام کے سامنے شرمندگی نہ اٹھانا پڑتی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ لکھوڈیر اور مناواں میں سیوریج کا بہت بڑا مسئلہ تھا، حلقے میں اربوں کی لاگت سے سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس کیلئے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی تو اس نے ملک کو مشکل حالات سے نکالا ، مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے اور اسے عوام مسائل کا ادراک ہے ،پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ ن کی کار کردگی کو نکال دیا جائے توباقی صفر ہے ،مسلم لیگ ن نے محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں بدلا۔سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو قرضے کے سوا کچھ نہیں دیا، اپنے چار سالہ دور میں صرف سیاستدانوں کی پگڑیوں کو اچھالا انہیں جیلوں میں بند کیا اور ان کے خلاف چھوٹے مقدمات بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ووٹ کے ذریعے پنجاب سے پی ٹی آئی کی گندگی کا خاتمہ کیا، اب پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے پنجاب جس سپیڈ سے ترقی کررہا ہے، اگلے چار سال میں پنجاب ہر چیز میں لیڈ کرتا نظر آئے گا جبکہ کے پی کے کی عوام کو بارہ سال سے کوئی بنیادی سہولت میسر نہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2018 میں جب محمدنواز شریف سے حکومت چھینی گئی اوردوسری پارٹی نے اقتدار سنبھالا، اسی دن سے پاکستان کا گراف نیچے آنا شروع ہو گیا، جب بیگم کلثوم نواز ہسپتال میں تھیں تو کچھ لوگوں نے اس پر بھی باتیں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مشکل وقت ختم ہوگیا ہے اور اچھا وقت شروع ہوگیا ، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی مدبرانہ سوچ کی بدولت دن رات محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی حکومت اگر 2017 میں ختم نہ کی جاتی تو آج مشکل وقت نہ دیکھنا پڑتا،آج پاکستان پوری دنیا کے سامنے سر اٹھا کر کھڑا ہے، ہندوستان نے جو ڈرامہ کیا تھا اس کو وزیرِ اعظم پاکستان نے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، آج دنیا کے کسی کونے میں جاتے ہیں پاکستانیوں کو اچھی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے شہیدوں کے منانے کا دن ہے، کشمیروں کے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، پوری دنیا میں سب کہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، بھارت کا خیال ہے پانی روکنے سے سب کچھ ختم ہو جائے گا، پانی بند کرنے کا مطلب اعلانِ جنگ ہے ، پاکستان ضرورت پڑنے پر بھارت کو منہ توڑ جواب دے گا۔