پاکستان کی چین کو سالانہ مجموعی برآمدات 32 ارب ڈالرسے تجاوزکر گئیں

پیر 14 جولائی 2025 17:27

پاکستان کی چین کو سالانہ مجموعی برآمدات 32 ارب ڈالرسے تجاوزکر گئیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)پاکستان کی چین کو مالی سال25- 2024 کے دوران سالانہ مجموعی برآمدات 4.67 اضافہ کیساتھ 32 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان نے مالی سال25- 2024 کے دوران چین کو 2.38 ارب ڈالر (2,375 ملین ڈالر) مالیت کی اشیاء برآمد کیں۔ یہ اعداد و شمارٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (TDAP) کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تجارتی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق صرف جون 2025 میں چین کو برآمدات کا حجم 152 ملین ڈالر رہا، جو گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 1 فیصد زیادہ ہے، (جب برآمدات 150 ملین ڈالر تھیں)۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی مجموعی برآمدات 32.11 ارب ڈالر رہیں، جس میں 4.67 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

اسی عرصے میں درآمدات کا حجم 58.38 ارب ڈالر رہا، جس کے نتیجے میں 26.27 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ سامنے آیا۔

چین نے پاکستان کی کل برآمدات میں 7.4 فیصد حصہ ڈالا۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان کی چین کو برآمد کی جانے والی اہم مصنوعات میں ٹیکسٹائل، نِٹ ویئر، کپاس کا دھاگہ و کپڑا، معدنیات، چاول، تل، مرچ، گلابی نمک اور سمندری خوراک شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر مصنوعات خام یا نیم تیار شدہ ہیں، تاہم ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق برآمدات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ چین-پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ (CPFTA-II) کا دوسرا مرحلہ ہے، جو یکم جنوری 2020 سے نافذ العمل ہے۔ اس معاہدے کے تحت محصولات میں کمی اور مارکیٹ تک رسائی میں بہتری نے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے چینی منڈی میں نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔