شہادت امام حسینؓ استعمار کیخلاف امن و وحدت وبیداری کا درس دیتی ہے،متحدہ علماء محاذ

18واں سالانہ پیغام شہادت سیدنا امام حسینؓ سیمینارسے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی زعماء کا خطاب

پیر 14 جولائی 2025 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی میں 18واں سالانہ پیغام شہادت سیدنا امام حسینؓ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء ،اقلیتی رہنما ،تاجر ،صحافی، وکلاء، دانشور و ممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور کی یزیدی و استعماری ،شیطانی قوتوں کی جارحیت وسازشوں کے خلاف وحدت امت و بیداری پیغام شہدائے کربلا ہے۔

غزہ فلسطین ، حماس، حزب اللہ ،لبنان،ایران ، شام ،یمن، عراق کے شہدائے مقاومت فلسطین نے اسرائیلی، امریکی ظلم و استبداد کے خلاف کردار حسینیؓ ادا کرکے فتح یابی، کامیابی و سرخروئی حاصل کی۔یزیدی قوتوںنے نواسہ رسولؐ کا سر تو حاصل کرلیا لیکن بیعت نہیں لے سکے۔

(جاری ہے)

آج بھی استعماری قوتیں افکار و کردار حسینیؓ کے علمبرداروں سے گریٹر اسرائیل اورابراہیمی مشن کے حق میں اپنے مذموم عزائم کے لئے بیعت نہیں لے سکے۔

نواسہ رسولؐ ، جگر گوشہ بتول، سردار جنت،شہید کربلا سیدنا امام حسینؓ نے اسلام کی حفاظت و بقاء کیلئے عظیم لازوال قربانی دی۔ آج ہمیں بھی اپنے اپنے مسالک کے بجائے دین حق اسلام کے غلبہ و حفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ بیدار کرنا چاہئے ۔ پیغام کربلا قیامت تک ظلم کے خلاف پوری انسانیت کیلئے حریت ،جرأت ، صبر و استقامت کی شمع روشن کرتارہے گا۔

حسینیت حق کی فتح یزیدیت کی موت ہے، ہمیں اس دورکی یزیدی ،استعماری، استکباری،شیطانی باطل قوتوں کے خلاف متحد ہوکر کردار حسینیؓ اداکرنا ہوگا۔ شیعہ سنی علماء و مقررین نے کہا کہ مسلکوں کے نام پر فرقہ واریت ، مذہبی منافرت ، دہشت گردی پھیلانے والے اسلام ،ملک ، اہل بیت اطہار ، اصحاب رسولؐ کے باغی و دشمن اور استعمار کے ایجنٹ ہیں۔حدیث رسول ؐ کے مطابق امام حسنؓ و حسینؓ جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں، حسینؓ مجھ سے ہیں اور میں حسینؓ سے ہوں،اللہ میں حسینؓ سے محبت کرتاہوں تو بھی حسینؓ سے محبت رکھ ۔

جو حسینؓ سے محبت رکھتاہے وہ مجھ سے محبت رکھتاہے، جو حسین کو تکلیف پہنچاتاہے وہ مجھے تکلیف پہنچاتاہے ،اسی طرح اہل بیت کی افضلیت و شان سے متعلق قرآن میں فرمایا گیا کہ’’ میں تم سے اجر رسالت نہیں چاہتا سوائے اس کے کہ تم میرے اہل بیت سے عقیدت و محبت رکھو‘‘۔ حسنین کریمینؓ کے والدحیدرکرارشیر خدا فاتح خیبر داماد رسول ؐسیدنا علی المرتضیٰؓ کی شان میں آپ ﷺ نے فرمایا میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں، جس کا میں مولیٰ ہوں اس کا علی مولیٰ ہیں۔

علماء نے کہا کہ اہل بیت سے عقیدت و محبت کُلّ ِ ایمان ہے، اہل بیت اطہار نبیؐ کے گھر والے ہیں، اصحاب رسولؐ دًر والے ہیں،فلسطین و کشمیر کی آزادی جرأت حسینیؓ سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے،شہادت امام حسینؓ استعمار کے خلاف امن و وحدت وبیداری کا درس دیتی ہے،مسلمان اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر اسلام دشمن قوتوں کے خلاف حبّ اہل بیت کے ایک نکاتی ایجنڈے پر متحدہوجائیں،اہل بیت اطہار و اصحاب رسولؐ ایمان کے دو جزو ہیںجس کی عظمت و تقدس کے بغیر ایمان کامل نہیں ہوسکتا، اہل بیت اطہار ، اصحاب رسولؐ ازواج مطہراتؓ و بنات رسولؐ کی توہین کرنیوالوں کا اسلام اور کسی مسلک سے تعلق نہیںوہ یزیدی و استعماری قوتوں کے آلہٴ کار ہیں،عظمت اہل بیت و اصحاب رسولؐ ملک کی امن و سلامتی و بقاء کی ضمانت ہیں، فرقہ واریت ، دہشتگردی، مذہبی منافرت اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کے خاتمے کیلئے نواسہ رسولؐ ،جگر گوشہ ٴ بتول ،سردار جنت سیدنا امام حسینؓ کے افکار و تعلیمات کو زندگیوں میں نافذ العمل کرنا ہوگا۔

پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی سازشوں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے شیعہ سنی علماء و عوام متحد و بیدار ہیں۔ سیمینار سے مہمانان خصوصی محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، محاذ کے سینئر وائس چیئرمین حجة الاسلام علامہ محمد حسین مسعودی،ممتاز مذہبی اسکالر تاجر حاجی فیاض احمد،علامہ ڈاکٹر عطاء الرحمن،ڈاکٹر صابر ابومریم، مسلم پرویز،مولانا منظرالحق تھانوی، علامہ سید سجاد شبیررضوی، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود،سید شبر رضا رضوی،اسلم خٹک ایڈووکیٹ،علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی ، پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی سمیت 40علماء مشائخ نے خطاب کیا۔

اس موقع پر فلسطین کشمیر ،ایران اور افواج پاکستان کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ بلند کرکے یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔