بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن الائنس نے حالیہ میٹرک کے امتحانات کے نتائج کو مسترد کردیا

پیر 14 جولائی 2025 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن الائنس کے ملک رشید کاکڑ، جعفر خان کاکڑ اور محمد نواز پندرانی نے حالیہ میٹرک کے امتحانات کے نتائج کے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کو نا اہل آفیسران نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ ذہین طلباء کو فیل کرکے ان کے خوابوں کا قتل کرکے دوبارہ بھاری ناجائز امتحانی فیسیں وصول کرکے اپنی ضروریات کو پوری کی جارہی ہے ۔

میٹرک 2025ء کے نتائج کی تحقیقات کرکے غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دی جائے اگر مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو بورڈ سے اپنے تمام سکولز کا باقاعدہ علیحدگی کا عمل شروع کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے اس انصافی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے قاری غلام جیلانی، حاجی سلیم ناصر، حضرت علی کوثر، عبدالظاہر خان، لیاقت علی ہزارہ، جمیل احمد مشوانی، حافظ نعمت اللہ، طاہر خان اچکزئی، عظمت خان کاکڑ، گلزار احمد کمالزئی سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر تعلیم و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حالیہ میٹرک کے نتائج بد عنوان، نا اہل اور غیر منصفانہ نظام کی عکاسی کرتا ہے جس کی وجہ سے محنتی طلباء کے مستقبل کے خوابوں کو چکنا چور کرکے ان کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے ۔ اساتذہ اور کنٹرول بورڈ کی آواز کو رد کرکے نجی تعلیمی اداروں اور غریب بچوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک پیسے کی مشین بن چکا ہے جو ذہین اور محنتی طلباء کو فیل کرکے بھاری فیسیں بٹور کر مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے دور رکھنے کی سازش ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن الائنس بورڈ سے اپنے تمام سکولز کی باقاعدگی علیحدگی کا عمل شروع کرکے قومی اور بین الاقوامی تعلیمی بورڈ سے رجوع کریں گے جو انصاف ، میرٹ اور شفافیت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے اساتذہ کی تمام تنظیموں، سول سوسائٹی ، عدلیہ، میڈیا اور اس حوالے سے تمام اداروں سے رابطہ کرکے بلوچستان کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ نقل مافیا پیسے کے پجاریوں ظلم اور بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کی نا انصافیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم دوست ساتھی استاد سکندر شمیم کو شہید قرار دیکر باقاعدہ ان کے سوگوار خاندان اور بچوں کو معاوضہ ادا کیا جائے ہم انہیں تعلیمی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن الائنس 20 جولائی بروز اتوار کو ملک عبدالعلی ہائوس کچلاک میں قبائلی جرگہ کا انعقاد کرکے شہید کے نا حق قتل پر قبائلی مشران ، علاقہ معتبرین، سول سوسائٹی، و دیگر سے مشاورت کرکے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلامیہ جاری کریں گے۔