پولٹری ایسوسی ایشن کاایک دن کے چوزے پر عائد 10روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ

فیصلے سے مرغی مہنگی ہو کر عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو جائے گی‘چیئرمین عبدالباسط کی پریس کانفرنس

پیر 14 جولائی 2025 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے ایک دن کے چوزے پر عائد 10روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مرغی مہنگی ہو کر عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو جائے گی۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالباسط نے سابق چیئرین رضا محمود خورسند،عبدالحئی مہتا اور فرغام طور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چوزے پر 10روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ انڈسٹری اور صارفین سے زیادتی ہے اسے واپس لیا جائے وگرنہ مرغی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں 44فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہوں وہاں مرغی کے گوشت کی قیمت پر ٹیکس لگانا بلاجواز ہے ،لہٰذاحکومت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کوفی الفور واپس لے ،اگر ٹیکس لگے گا تو فارمر پیداوار کرنا بند کر دے گا،اس سے مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

عبدالباسط نے کہا کہ حکومت نے دو لاکھ کیش جمع کروانے پر جو پالیسی بنائی ہے وہ نا قبول ہے ،یہ کیا پالیسی ہے کہ پیسے جمع کوئی کروائے اور ٹیکس کوئی اور بھرے،ہم پوری تاجر برادری کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ باتیں صرف نعروں تک ہیں کہ حمزہ شہباز مرغی کی قیمت کنٹرول کرتا ہے،ملک بھر کے 28 ہزار شیڈز میں سے حمزہ شہباز کے دو شیڈ کیسے قیمت کا تعین کر سکتے ہیں،حمزہ شہباز شریف نے تو وہ شیڈ بھی چھوڑ دئیے ہیں۔