ة 13جولائی1931ء کا دن تحریک آزادئ کشمیر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے : پروفیسر محمد سعید شیخ

ادارہ نظریہٴ پاکستان کے زیراہتمام ’’یوم شہدائے کشمیر‘‘ کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی لیکچر کا اہتمام

پیر 14 جولائی 2025 20:50

ٹ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) کشمیری شہداء کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی اور انشاء اللہ مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے‘ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ بھارت تمام تر مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہٴ حریت ختم نہیں کر سکا۔ 13 جولائی 1931ء کا واقعہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بنیاد ہے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد سعید شیخ نے ’’یوم شہدائے کشمیر‘‘ کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا جس کا اہتمام ادارہٴ نظریہٴ پاکستان نے کیا تھا۔ پروفیسر محمد سعید شیخ نے اپنے لیکچر میں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کا واقعہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باوجود بھارت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکا اور اس نے کشمیری عوام کے جذبہٴ جہاد کو دبانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے لیکن یہ تحریک آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اس لیے قرار دیا تھا کہ پاکستان کی طرف بہنے والے تمام دریا مقبوضہ کشمیر سے گزر کر پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔ پاکستان چونکہ ایک زرعی ملک ہے‘ لہٰذا اس کے لیے ان دریائوں کا پانی ایک لائف لائن ہے۔ یہ اعزاز ادارہٴ نظریہٴ پاکستان کو حاصل ہوا ہے کہ اس نے بھارت کی آبی جارحیت کے بارے عوامی شعور بیدار کیا اور حکمرانوں کی توجہ بھی اس سنگین مسئلے کی طرف مبذول کروائی۔

انہوں نے کہا 13 جولائی 1931ء کو سرینگر جیل کے باہر کشمیری مسلمانوں کا ایک جم غفیر جمع تھا کیوں کہ جیل کے اندر ایک غیرت مند مسلمان نوجوان عبدالقدیر خان پر مقدمہ کی کارروائی جاری تھی۔ نماز ظہر کا وقت ہوا تو ایک نوجوان نے جیل کی دیوار پر چڑھ کر اذان دینا شروع کی مگر اسے ڈوگرہ سپاہی نے گولی مار کر شہید کر دیا۔ جہاں سے شہید نوجوان نے اذان ادھوری چھوڑی تھی‘ وہاں سے دوسرے نوجوان نے اذان شروع کر دی مگر اسے بھی شہید کر دیا گیا۔ اس طرح کل 22 نوجوانوں نے اذان کی تکمیل کے لیے جام شہادت نوش کیا۔ ان شہیدوں کے پاک خون نے جدوجہد آزادی میں نیا رنگ بھر دیا۔آزادی کی یہ تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔