جماعت اسلامی سندھ کی قیادت میں وفد کی آئی جی غلام نبی میمن سے ملاقات

سندھ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور عوام دن ہویارات غیر محفوظ ہیں پولیس جرائم کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے موثر اقدامات کرے، کاشف سعید شیخ

پیر 14 جولائی 2025 21:10

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ کی قیادت میں وفد نے آج آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن سے سی پی او آفس میں ملاقات کی۔ وفد نے سندھ بالخصوص لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا اور امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔

صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ بے امنی بھتہ خوری اور ڈاکوؤں کی بڑھتی ہوئی ہراسانی کی وجہ سے شریف شہری ہجرت پر مجبور ہیں بالخصوص ہندو برادری عدم تحفظ اور دوہرے عذاب میں ہے۔ اقلیتی برادری کی اکثریت نے کاروبار بند اور اپنے آبائی گھر چھوڑ دیے ہیں، جس سے مقامی معیشت اور زراعت کو شدید دھچکا لگا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس قدر جنون میں مبتلا ہو چکے ہیں کہ وہ عوام کو راکٹ لانچروں میں خط بھیجتے ہیں یا پیسے مانگنے کی ویڈیوز جاری کرتے ہیں۔

معصوم بچیوں فضیلہ سرکی اور پریا کماری کے اغوا کو کئی سال گزر چکے ہیں لیکن پولیس اور ریاستی ادارے انہیں بازیاب نہیں کرا سکے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور حافظ نعیم الرحمان نے امن کی بحالی کے لیے دھرنا دیا۔ حال ہی میں کشمورکندھ کوٹ شہری اتحاد و سول سوسائٹی نے اسلام آباد میں دھرنا دیا لیکن آج تک ریاستی اداروں، سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے کوئی موثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب قبائلی تنازعات نے بھی معمولات زندگی کو مفلوج کرکے لوگوں کی زندگیاں مشکل بنا دی ہیں۔متصادم برادریوں کے ظالم سرداروں کی اکثریت آپس میں شیروشکر ہیں۔ پارلیمنٹ میں اکٹھے بیٹھنے کے ساتھ خوشی غمی میں بھی ساتھ ہوتے ہیں لیکن اپنے اپنے علاقے میں من مانی قائم رکھنے کے لیے انہوں نے اپنی اپنی برادریوں کو ایک دوسرے کے خلاف گھتم گھتا کر رکھا ہوا ہے۔

جو سراسر ظلم اور سندھ دشمنی ہے۔ قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے کہ ایسے انسانیت وسماج دشمن سرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جماعت اسلامی سندھ میں امن کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ کیونکہ امن سے ہی تعلیم، کاروبار اور معیشت پھلے پھولے گی اور سندھ ترقی کرے گا۔ آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

جماعت اسلامی کے وفد نے غلام نبی میمن سے ان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ وفد میں صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ چنا، جنرل سیکرٹری محمد یوسف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھروو اور معاون خصوصی زاہد حسین راجپر شامل تھے۔