عوام کی صحت اور ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، وفاقی وزیر مصطفی کمال

پیر 14 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوام کی صحت اور ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈریپ کے اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں میڈیکل ڈیوائسز کی ڈیجیٹایزیشن کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جا رہی ہیں ، پاکستان کا فارماسیوٹیکل اور میڈیکل ڈیوائسز کا شعبہ بے پناہ معاشی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا نظام آن لائن ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری نظام کو جدید بنانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے ، ڈریپ کو ایسا ادارہ بنانا چاہتے ہیں جو موثر، جدید، شفاف اور عوام دوست ہو ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت معیاری، محفوظ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ، ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ سید وقارالحسن، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور سی ای او ڈریپ نے بھی شرکت کی ۔