سوشل میڈیا پر تنقید کے باعث انتظامیہ کو اسلام آباد میں نصب نئی یادگار ہٹانی پڑ گئی

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے ماڈلز ڈیزائن کی منظوری کے بغیر نصب کیے گئے تھے؛ سی ڈی اے کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جولائی 2025 13:54

سوشل میڈیا پر تنقید کے باعث انتظامیہ کو اسلام آباد میں نصب نئی یادگار ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2025ء ) سوشل میڈیا پر تنقید کے باعث انتظامیہ کو اسلام آباد میں بالز اٹھائے ہاتھوں کا آرٹ ماڈل ہٹانا پڑگیا۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے ہاتھوں میں گلوب کے 2 ماڈل ایران ایونیو پر مارگلہ راؤنڈ اباؤٹ کے قریب نصب کیے تھے، کسی بھی سرکاری ادارے کا اس ماڈل کی تنصیب سے کوئی تعلق نہیں، یہ ماڈل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اپنے طور پر نصب کر رہی تھی اور سوسائٹی کی جانب سے ماڈلز ڈیزائن کی منظوری کے بغیر نصب کیے گئے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ ماڈل مفت فراہم کیا جس کا مقصد سی ڈی اے روڈ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے تحت اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانا تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں وفاقی دارالحکومت کے علاقہ مارگلہ ایونیو راؤنڈ اباؤٹ پر ایک نئی یادگار نصب کی گئی، نئے تنصیب شدہ آرٹ ماڈل میں دو انسانی ہاتھ بلند ہوتے دکھائی دیئے، گولڈن رنگ کے ان دونوں ہاتھوں میں سفید گیند نما کوئی چیز نظر آرہی تھی، اس یادگار کو نصب کیے جانے کے بعد سے یہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی رہی، ایک صارف رضوان غلزئی نے پوچھا کہ ’یہ کس کا ویژن ہے سر؟‘۔

(جاری ہے)

 
اسی حوالے سے اینکر پرسن نادیہ مرزا کہتی ہیں کہ ’آج آفس آتے ہوئے یہ شاہکار دیکھا پر کچھ سمجھ نہ آیا، نہ ہی آنکھوں کو بھایا، یہ ہے کیا بھائی؟‘۔
یادگار سے متعلق ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ہمارے کیپیٹل میں بننے والی اس نئی یادگار کا مطلب صرف یہی ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں میں پاور ہے، یہ ہاتھ کٹ سکتے ہی لیکن جھک نہیں سکتے، یہ کسی کے آگے بھیک نہیں مانگ سکتے‘۔

 
صحافی نادر بلوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’حکومت کی جانب سے اس عظیم یادگار کی تنصیب پر اچانک کام روک دیا گیا ہے، میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی گئی ہے اور وجہ بھی نہیں بتائی جارہی‘۔
اس پر ایک اور صارف نے کہا کہ ’موجودہ حکومت کی شاہکار یادگار ہے، اس کو جلد مکمل کرنی چاہیئے، میڈیا پر کوریج سے پابندی عجیب ہے ورنہ اس سٹیچو میں خوبصورت پیغام ہے جو آئندہ نسلوں کو منتقل کرنا ہوگا، اس میں یہی واضح ہو رہا ہے کہ دنیا ہماری ہاتھ میں ہے جو کہ کسی بھی قوم کی خواہش و ارمان ہوتی ہے‘۔

یاد گار سے متعلق ایک صارف نے سوال کیا کہ ’شہر اقتدار میں تنصیب شدہ اس یادگار سے کیا مراد ہے؟ کیا پاکستان جیسے ممالک میں یہ ترقی اور اقتدار حاصل کرنے کا راز تو نہیں؟‘۔