ای پیڈز ٹریننگ پروگرام حکومت پاکستان کے ویژن ''ڈیجیٹل پاکستان'' کی عملی تصویر ہے،ڈی جی ایڈمن فیسک

منگل 15 جولائی 2025 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ای پیڈز ٹریننگ پروگرام حکومت پاکستان کے ویژن ''ڈیجیٹل پاکستان'' کی عملی تصویر ہے جس کے ذریعے عوامی شعبے میں شفافیت، کارکردگی اور احتساب کو یقینی بنایا جا ئے گا تاکہ یہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے وینڈرز کو ایک ایسا آن لائن نظام فراہم کرسکے جس سے شفاف ٹینڈرنگ کا عمل ممکن ہو سکے۔

یہ باتیں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن فیسکو محمد منور خان نے فیسکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میں انسٹی ٹیوٹ آف ٹینڈر مینجمنٹ کے زیراہتمام ای پیڈ ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پروکیورمنٹ کے عمل کو مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ای پاکستان ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم متعارف کروایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ای پیڈ کا عملی نفاذ پروکیورمنٹ کے مختلف مراحل کوشفاف، مؤثر اور قانون کے مطابق بنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل (ایچ آر)غلام مجتبیٰ خان نے کہا کہ ای پیڈ ٹریننگ کا مقصد افسران اور ملازمین کیلئے ایسا نظام قائم کرنا ہے جو ٹینڈرنگ کے عمل میں عوامی اعتماد کو بحال کرے اور وسائل کے مؤثر استعمال کو ممکن بنائے اور یہ ٹریننگ پروگرام اس نظام کو کامیاب بنانے کا بنیادی ڈھانچہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹریننگ میں فیسکو کے130سے زائد افسران و ملازمین نے حصہ لیا اور جدید طریقہ سے ای ٹینڈرنگ کے متعلق ٹریننگ حاصل کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف ٹینڈر مینجمنٹ آئی ٹی ایم کے پرنسپل ڈاکٹر عرفان احمداورچیف آپریٹنگ آفیسر راحیلہ نسیم نے دوران ٹریننگ شرکا کو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین و ضوابط سے روشناس کروایا اور ای پیڈ کے اہم نکات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان قوانین پرکس طرح مؤثر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای پیڈز کی تربیت کا مقصد متعلقہ اداروں، افسران اور کاروباری اداروں کو اس نظام کے مؤثر استعمال کے لیے ضروری مہارت اور فہم و فراست فراہم کرنا ہے جس سے نہ صرف عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوگا بلکہ خریداری کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو بھی فروغ ملے گا۔ٹریننگ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں ٹریننگ کے شرکا نے ای پیڈکے حوالے سے ٹرینرز سے مختلف سوالات کئے۔