وزیر تجارت جام کمال خان کی برطانیہ کے ہائوس آف کامنز میں پاکستان بارے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے اراکین سے ملاقات

منگل 15 جولائی 2025 17:09

وزیر تجارت جام کمال خان کی برطانیہ کے ہائوس آف کامنز میں پاکستان بارے ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نیبرطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ہائوس آف کامنز میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ (اے پی پی جی) کے اراکین سے ملاقات کی۔ منگل کو وزارت تجارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے، پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور برٹش پاکستانی تارکین وطن کی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مضبوط کرنے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اے پی پی جی کے اراکین کو پاکستان کی حالیہ معاشی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا جن کا مقصد میکرو اکنامک استحکام اور جامع ترقی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے قومی ٹیرف پالیسی کے تحت ٹیرف ریشنلائزیشن، تجارتی سہولت کے لئے پاکستان سنگل ونڈو کو فعال کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مراعات کی پیشکش کرنے والے خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گرین ٹیکنالوجیز، قابل تجدید توانائی اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر میں تعاون کی نئی راہیں بھی تلاش کی گئیں۔ جام کمال نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم 1.7ملین پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں برطانیہ۔پاکستان تجارتی ڈائیلاگ میکنزم پر دستخط کے بعد مستقل رفتار کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل پارلیمانی مشغولیت اور نجی شعبے کے تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں باہمی اقتصادی خوشحالی کیلئیپائیدار شراکت داری کی تعمیر کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔